فصیحہ خان،سینئر ایڈیٹر نیوز،سینئر پروڈیوسر /ڈائریکٹر
پاکستان اور امریکہ کے دو طرفہ تعلقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ حتمی شکل اختیار کر چکا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اب پاکستان اور امریکہ توانائی کے شعبے، خصوصاً تیل کی تنصیبات کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ایک آئل کمپنی کے انتخاب کا عمل جاری ہے، جو اس شراکت داری کی قیادت کرے گی۔
صدر ٹرمپ نے مستقبل کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بعید نہیں کہ ایک دن پاکستان بھارت کو تیل فروخت کرتا نظر آئے۔
ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف پاکستانی معیشت کے لیے خوش آئند ہے بلکہ یہ علاقائی توانائی کے توازن پر بھی گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ہی صدر ٹرمپ نے بھارت پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس پر 25 فیصد ٹیرف اور اضافی جرمانوں کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پاک-امریکہ تجارتی ڈیل کو ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

















